حوزہ نیوز ایجنسی کے مطابق، حرم مطہر حضرت معصومہ سلام اللہ علیہا قم المقدس میں مرکزی سیکرٹری جنرل شیعہ علماء کونسل پاکستان علامہ شبیر حسن میثمی کے برادر مرحوم جناب سجاد لاکھانی کے ایصال ثواب کے لئے مجلسِ عزا کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں علامہ شبیر حسن میثمی سمیت حوزہ علمیہ قم کے طلاب، اساتذہ و فضلاء اور زائرین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
رپورٹ کے مطابق مدیر دفتر قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ ڈاکٹر سید ظفر علی نقوی نے مجلس عزا سے خطاب کے دوران کہا: کچھ بھائی بہشتی ہوتے ہیں، بہشت کے ساتھی ہوتے ہیں کیونکہ ان کو جس چیز نے جوڑا ہوتا ہے وہ ولایت محمد و آل محمد (ص) ہے۔
انہوں نے کہا: فقط جن کے ماں باپ ایک ہوں انہیں بھائی نہیں کہتے بلکہ جو محمد و آل محمد (ص) سے محبت کرتے ہیں وہ بھی آپس میں بھائی ہیں۔
مسؤل شعبہ خدمت زائرین و خادم حرم حضرت معصومہ جناب سید ناصر عباس نقوی انقلابی نے نظامت کے فرائض انجام دیتے ہوئے جنرل سیکرٹری شیعہ علما کونسل جناب علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی کو ان کے بھائی کی رحلت پر تعزیت و تسلیت پیش کی۔
آخر میں تمام علماء نے علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی صاحب سے ان کے برادر بزرگوار کے انتقال پر تعزیت پیش کی اور اجتماعی فاتحہ خوانی کی گئی اور پھر پروگرام کے آخر میں مرکزی سیکرٹری جنرل شیعہ علماء کونسل پاکستان علامہ شبیر حسن میثمی نے تمام شرکاء، علماء و طلاب کا شکریہ ادا کیا۔